پی ٹی آئی مظاہرین کے تشدد سے پولیس کانسٹیبل شہید
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے قافلے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب گامزن ہیں اور مختلف مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم کے واقعات سامنے آئے ہیں جبکہ ہکلہ انٹرچینج پر پرتشدد مظاہرین کے تشدد سے پنجاب پولیس کا کانسٹیبل شہید ہوگیا اور درجنوں اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
احتجاج کی آڑ میں شرپسندوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 46 سالہ کانسٹیل مبشر سر پر چوٹ لگنے کے باعث شہید ہوگیا۔کانسٹیبل مبشر شہید کا تعلق مظفر گڑھ سے تھا جبکہ ان کی 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ شر پسندوں کی طرف سے تشدد کی وجہ سے پولیس کے 70 اہلکار زخمی ہیں جنہیں سر، بازو اور ٹانگوں پر چوٹیں آئی ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیجز سے شرپسند حملہ آوروں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
اٹک پولیس حکام کے مطابق کٹی پہاڑی پر بھی گولی لگنے سے 2 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے۔حکام نے بتایا کہ پولیس اہلکار واجد کی گردن میں گولی لگی جس کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دوسرے اہلکار کا نام سمیع اللہ ہے اور اس کی ٹانگ پر گولی لگی ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ زخمی اہلکار واجد فیصل آباد سے سپیشل ڈیوٹی پر اٹک آیا تھا جبکہ سمیع اللہ کا تعلق سرگودھا سے ہے۔
Leave A Comment