سپریم کورٹ کی تمام عدالتوں میں لائیو اسٹریمنگ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ کے تمام کورٹ رومز میں لائیو اسٹریمنگ سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ چیف جسٹس نے اس منصوبے کے لیے جسٹس محمد علی مظہر کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔ لائیو اسٹریمنگ کے تحت عدالت کی کارروائیاں اب سائلین کی رضامندی سے براہ راست دکھائی جائیں گی۔ لائیو اسٹریمنگ سروس کے ذریعے دنیا بھر سے مقدمات کی کارروائی دیکھی جا سکے گی، جس سے خاص طور پر اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے کیسز کی سماعت میں براہ راست شرکت کی سہولت حاصل ہوگی۔ تاہم، کسی خاتون سائل کی درخواست پر رازداری کو ترجیح دی جائے گی۔اس سروس کے نفاذ کے لیے سپریم کورٹ کے تمام کورٹ رومز میں کیمروں اور دیگر آلات کی خریداری اور تنصیب پر غور کیا جا رہا ہے، اور نامزد کمیٹی اس کے پروپوزل کو حتمی منظوری کے لیے چیف جسٹس کو پیش کرے گی۔
یاد رہے کہ فی الحال سپریم کورٹ کے صرف کمرہ عدالت نمبر ایک میں لائیو اسٹریمنگ سروس دستیاب ہے۔
Leave A Comment