اٹلی کی ٹیم نے پانچویں مرتبہ بلی جین کنگ کپ کا ٹائٹل جیت لیا
اٹلی کی ٹیم نے پانچویں مرتبہ ویمن ٹینس ایسوسی ایشن(ڈبلیو ٹی اے) بلی جین کنگ کپ جیت لیا۔ ڈبلیو ٹی اے بلی جین کنگ کپ کے 61 ویں ایڈیشن کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے سپین کے شہر ملاگاکے مارٹن کارپینا ایرینا میں کھیلے جارہے ہیں جس کے فائنل میچ میں اٹلی اور سلواکیہ کی خواتین ٹینس ٹیمیں آمنے سامنے تھیں ۔اٹلی کی ویمنز ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف سلواکیہ کی ٹیم کو دونوں سنگلز مقابلوں میں شکست دے کر فائنل 0-2 گیم سے جیت لیا۔
اٹلی کی دو بار کی گرینڈ سلام فائنلسٹ جیسمین پاولینی نےعمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سلواکیہ کی ربیکا سرامکووا کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 1-6 سے شکست دی جبکہ دوسرے سنگلز مقابلے میں اٹلی کی لوسیا برونزٹی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلواکیہ کی حریف کھلاڑی وکٹوریہ ہرنکاکووا کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 4-6 سے شکست دے کر اپنی ٹیم کو ٹائٹل دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔اس فتح کے بعد اٹلی نے 2013 کے بعد ایک مرتبہ پھر بی جین کنگ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
Leave A Comment