تازہ ترین

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دے دیاجبکہ عدالت نے واثق قیوم، راجہ خرم نواز اور فیصل جاوید سمیت دیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے اور ان کے ضمانتی مچلکے بھی منسوخ کردیے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن توڑ پھوڑ مقدمے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، عدالت نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دے دیا۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کے بعد کیس کو دیگر ملزمان سے الگ کر دیا گیا۔فیصلے میں کہا گیا کہ دوران سماعت ملزمان راجہ راشد حفیظ، واثق قیوم، راجہ خرم نواز، فیصل جاوید، عمر تنویر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے جبکہ تمام غیر حاضر ملزمان کے وکلا سردار مصروف، مرتضی طوری، زاہد بشیر ڈار نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ تمام غیر حاضر ملزمان کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کی جاتی ہے اور ان کے ضمانتی مچلکے منسوخ کیے جاتے ہیں۔ بعدازاں کیس کی مزید سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔

Leave A Comment

Advertisement