سسرالیوں کے ہاتھوں ایک اور بہو قتل، وزیراعلیٰ کا نوٹس
لاہور کے علاقے مغلپورہ میں شوہر اور سسرالیوں نے تشدد کا نشانہ بناکر خاتون کی جان لے لی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کرلیا۔ واقعہ لاہور کے علاقے مغلپورہ گنج بازار میں پیش آیا، دو بچیوں کی ماں انیقہ سے اس کے شوہر جنید اور سسرالیوں نے والدین سے پیسے لینے کا کہااور مطالبہ پورا نہ ہونے پر پائپ سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔انیقہ کی 4 سال قبل جنید سے شادی ہوئی تھی، جس سے اس کی دو بیٹیاں ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں اس کے شوہر اور سسرالیوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزم جنید کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔مقتولہ کے ورثا نے اعلیٰ حکام سے ملزمان کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں ایک ماہ کے دوران سسرالیوں کے ہاتھوں بہو کے قتل کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔
Leave A Comment