سنگجانی قیدی وین حملہ کیس، 82 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں سنگجانی کے مقام پر پولیس قیدی وین پر حملہ اور ملزمان کو چھڑوانے کے کیس میں 82 ملزمان کو جج طاہر عباس سپرا کے سامنے پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔دوران سماعت وکیل صفائی انصر کیانی نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس وین پر حملے کی منصوبہ بندی عدالت میں پیشی کے دوران کی گئی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے وین کو موٹر وے کے بجائے جی ٹی روڈ پر کیوں لایا، اس کا جواب دیا جائے۔
وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ عدالت نے ملزمان کی ضمانت منظور کر چکی ہے جبکہ دوسری عدالت سے انہیں ڈسچارج کرنے کا حکم بھی ملا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسچارج ملزمان کو فوراً چھوڑ دینا چاہیے تھا، تاہم پولیس نے ان ملزمان کو اٹک جیل منتقل کرنے پر اصرار کیا۔پراسیکیوٹر راجا نوید نے مؤقف اپنایا کہ اسلحے کی برآمدگی، ویڈیوز کے تجزیے اور واقعے کی سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے ملزمان کے ریمانڈ کی ضرورت ہے۔
جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ اگر 82 ملزمان گاڑی میں موجود تھے تو ویڈیوز کا تجزیہ کس کا کرایا جا رہا ہے۔وکیل صفائی انصر کیانی نے سوال اٹھایا کہ پولیس نے موقع سے فوری طور پر 82 افراد کو کس طرح گرفتار کیا، اور کہا کہ پولیس ملزمان کو چھوڑنے میں تاخیر کر کے واقعہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
Leave A Comment