اسلام آباد، راولپنڈی اور مری کے تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے
انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد، راولپنڈی اور مری کے تمام تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کا مطابق تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ بہاولپور کی اسلامیہ یونیورسٹی میں آج اور کل ہونے والے پرچے ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ترجمان اسلامیہ یونیورسٹی کے مطابق ملتوی کیے گئے پرچے اب 2 اور 3 دسمبر کو ہونگے۔اسلامیہ یونیورسٹی میں آج اور کل کلاسیں معمول کے مطابق ہوں گی۔
گزشتہ روز جڑواں شہروں میں میٹرو بس، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند رہی۔راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس بھی معطل تھی جبکہ پمز سے بارہ کہو تک گرین لائن سروس بھی بند رکھی گئی۔ اس کے علاوہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں انٹرنیٹ اور موبائل فون کی سروس بھی متاثر رہی، اس حوالے سے وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات والے علاقوں میں موبائل ڈیٹا، وائی فائی سروس بندش کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے مختلف شہروں سے نکلنے والے تحریک انصاف کے قافلے پنجاب میں داخل ہوگئے ہیں۔قافلوں کی اسلام آباد کی جانب پیش قدمی جاری ہے، کئی مقامات پر پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں پولیس، رینجرز اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ہے۔پنجاب اور خیبر پختونخوا سے جڑواں شہروں کو آنے والے تمام راستے سیل کیے گئے ہیں جبکہ کئی مقامات پر خندقیں، خاردار تاریں، مٹی کے پہاڑ اور دیگر رکاوٹیں لگائی گئی ہیں۔
Leave A Comment