تازہ ترین

ملک سے چاول کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں سالانہ بنیاد پرنمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ سٹیٹ بینک اورادارہ شماریات کے اعداد و شمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں چاول کی برآمدات سے ملک کو 902.020 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 33.68 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چاول کی بر آمدات سے ملک کو 674.72 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔اکتوبر 2024 میں چاول کی برآمد ات کا حجم 268.81 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو ستمبرمیں 197.20 ملین ڈالراورگزشتہ سال اکتوبرمیں 256.85 ملین ڈالر تھا۔

  مالی سال 2024 میں چا ول کی برآمدات کا مجموعی حجم 3.687 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعداد و شمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں باسمتی چاول کی برآمدات سے ملک کو 294.58 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 259.18 ملین ڈالرکے مقابلے میں 13.65 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح نان باسمتی چاول کی برآمدات کاحجم 607.44 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 46.17 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں نان باسمتی چاول کی برآمدات کاحجم 415.54 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں اشیائے خوراک کی برآمدات کا مجموعی حجم 2.157 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

Leave A Comment

Advertisement