9مئی واقعہ: پہلے مقدمے میں پی ٹی آئی کارکنان کی سزا کا تفصیلی فیصلہ جاری
وفاقی دارالحکومت کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے حوالے سے درج پہلے مقدمہ میں پی ٹی آئی کارکنان کی سزا کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے 15 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا، فیصلے میں ضمانت پر رہا 10 ملزمان حاضر جبکہ 6 کو اشتہاری قرار دیکر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔
پی ٹی آئی کے دس ملزمان کو مختلف دفعات میں مجموعی طور پر چار، چار سال قید کی سزا سنائی گئی، ضمانت پر رہا ہونے والے ملزمان کو دفعہ 341 میں ایک ماہ قید اور ایک، ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔اسی طرح دفعہ 186 میں ملزمان کو تین، تین ماہ قید اور ایک، ایک ہزار روپے جرمانہ، دفعہ 353 میں ملزمان کو دو، دو سال قید اور بیس، بیس ہزار روپے جرمانہ، دفعہ 188 میں ملزمان کو چھ ،چھ ماہ قید اور تین، تین ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی ۔فیصلہ میں بتایا گیا کہ دفعہ 149 میں ملزمان کو تین، تین سال قید اور بیس، بیس ہزار روپے جرمانہ کی سزا کا حکم دیا گیا جبکہ اشتہاری قرار دیئے گئے چھ ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے۔تحریری فیصلے میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملزمان کے خلاف دفعہ 382 اور 436 ثابت نہ ہو سکی، ملزمان کا تعلق ایک سیاسی پارٹی سے بتایا گیا لیکن شکایات میں ایسی کوئی بات نہیں لکھی گئی، ملزمان کو دہشتگردی سمیت دفعہ 382 اور 436 میں بری کیا جاتا ہے۔
Leave A Comment