تازہ ترین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عمران خان سے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے، مذاکرات دھمکیوں سے نہیں ہوتے، میں مذاکرات کے حق میں ہوں لیکن ایسی کوئی صورت نہیں ہےکہ دھمکیاں دیں اور کہیں کہ بات چیت کرنی ہے، کسی کو اجازت کے بغیر کوئی جلسہ جلوس کرنےکی اجازت نہیں دیں گے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 24 نومبر کو بیلاروس کا 65 رکنی وفد آرہا ہے جس میں 10 وزرا ہیں، 25 کو بیلاروس کے صدر آرہے ہیں جن کا 3 دن کا دورہ ہے، ہم وہی کنٹینر لگارہے ہوں گے، موبائل فون سروس بند کررہے ہوں گے، ان کی حفاظت ہماری پہلی ترجیح ہوگی، اس کے بعد ہمیں اپنے شہر اور شہریوں کی حفاظت کرنی ہے، اس لیے ہم کسی کو اجازت کے بغیر کسی جلسے جلوس کی اجازت نہیں دے سکتے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ احتجاج کو کوئی نہیں روکتا، آپ جہاں ہیں وہاں رہ کر احتجاج کریں، عدالت میں بھی یہی کہا ہے کہ ہم نے کسی کو احتجاج سے نہیں روکا لیکن اسلام آباد آکر احتجاج کرنا اور وہ بھی ان دنوں میں احتجاج کرنا جب کوئی اہم ایونٹ ہورہا ہے، عوام فیصلہ کرے کہ یہ اہم دنوں میں احتجاج کیوں کرتے ہیں، انتظامیہ اپنے انتظامات پورے کرے گی، باقی دیکھتے ہیں۔بانی تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہاکہ کوئی مذاکرات نہیں ہورہے۔

Leave A Comment

Advertisement