غذائی اجناس کی برآمدات میں مسلسل چوتھے ماہ اضافہ ریکارڈ
ملک کی غذائی اجناس کی برآمدات میں مسلسل چوتھے ماہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔غذائی اجناس کی برآمدات کے حوالے سے جاری کردہ دستاویز کے مطابق اکتوبر میں ملک کی غذائی اجناس کی برآمدات میں سالانہ12.77 فیصد اضافہ ہوا۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر میں غذائی اجناس کی برآمدات کا حجم 74 کروڑ 84 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اکتوبر میں چاول کی برآمدات میں سالانہ 19.03 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اکتوبر میں 6 لاکھ 4 ہزار میٹرک ٹن سے زائد چاول برآمد کیے گئے جس سے 36 کروڑ 23 لاکھ ڈالرز سے زائد زرمبادلہ کمایا گیا۔اکتوبر میں سبزیوں کی برآمدات میں سالانہ 23.38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اکتوبر میں تقریباً 56 ہزار میٹرک ٹن سبزیاں برآمد کی گئیں جس سے ایک کروڑ 93 لاکھ ڈالرز سے زائد زرمبادلہ کمایا گیا۔ اکتوبر میں پھلوں کی برآمدات میں سالانہ 20.30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اکتوبر میں تقریباََ 54 ہزار میٹرک ٹن پھل بیرون ممالک بھجوائے گئے، پھلوں کی برآمدات سے1 ماہ میں 2 کروڑ 44 لاکھ ڈالرز سے زائد زرمبادلہ کمایا گیا۔ایک مہینے میں ملک سے تمباکو کی برآمدات میں سالانہ 565 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اکتوبر میں 6 ہزار 238 میٹرک ٹن تمباکو برآمد کیا گیا، تمباکو کی برآمدات سے 1ماہ کے دوران 2 کروڑ 83 لاکھ ڈالرز زرمبادلہ کمایا گیا۔اکتوبر میں پاکستان نے 88 ہزار ٹن سے زائد خشک میوہ جات برآمد کیے گئے، خشک میوہ جات کی برآمدات سے 1ماہ کے دوران 9 کروڑ 47 لاکھ ڈالرز زرمبادلہ کمایا گیا۔رواں مالی سال پہلے 4 ماہ میں غذائی اجناس کی برآمدات میں 21.73 فیصد اضافہ کیا گیا۔جولائی تا اکتوبر غذائی اجناس کی برآمدات کا حجم 2 ارب 36 کروڑ51 لاکھ ڈالرز رہا۔
Leave A Comment