حج پالیسی کا اعلان، سرکاری اسپانسر شپ اسکیم “ پہلے آئے پہلے پائیے“ کے اصول پر ہو گی
وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے حج پالیسی 2025 کا اعلان کردیا جس کے تحت سال 2025 کیلئے پاکستان کا حج کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار 210 ہے۔وفاقی وزیر مذہبی امور کے مطابق سرکاری و نجی حج سکیموں کیلئے کوٹہ کی تقسیم کا تناسب 50:50 ہے، سرکاری و نجی حج سکیموں کیلئے 89 ہزار 605 سیٹیں مختص کی گئی ہیں، سرکاری حج سکیم میں سپانسر شپ سکیم میں 5 ہزار نشستیں مختص رکھی جائیں گی۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اسپانسر شپ اسکیم میں شمولیت کیلئے بینکنگ چینل کے ذریعے بیرون ملک سے زر مبادلہ بھجوانا لازم ہو گا، نجی حج اسکیم میں سپانسر شپ سکیم کیلئے 30 ہزار نشستیں مختص ہوں گی، سرکاری سپانسر شپ اسکیم “ پہلے آئے پہلے پائیے“ کے اصول پر ہو گی اور انہیں قرعہ اندازی سے استثناء ہو گا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ اسپانسر شپ سکیم کے ذریعے جمع شدہ زر مبادلہ صرف اور صرف سعودی عرب میں حج سے متعلقہ اخراجات کی ادائیگی کیلئے استعمال ہو گا، سرکاری حج سکیم کیلئے روائتی لانگ پیکیج 38 تا 42 دن اور شارٹ پیکیج 20 تا 25 دن پر محیط ہو گا۔
Leave A Comment