امریکی اراکین کانگریس کا عمران خان کیلئے خط ملکی معاملات میں مداخلت قرار
ارکان اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کیلئےامریکی اراکین کانگریس کے صدر بائیڈن کو لکھے خط کو ملکی معاملات میں مداخلت قرار دے دیا۔ پاکستانی پارلیمنٹ کے 160 اراکین نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا، ارکان پارلیمنٹ نے خط امریکی کانگریس کے 62 ارکان کی پاکستان کی داخلی صورتحال میں مداخلت پر لکھا۔ممبران پارلیمنٹ نے خط میں لکھا کہ ممبر بحیثیت پارلیمنٹیرین سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم کے ذریعےکانگریس ارکان کو آگاہ کریں، پاکستان جمہوری چیلنجز سے نبرد آزما ہے جسے انتہاپسندی کی سیاست نے مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔خط میں لکھا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ریاستی اداروں کے خلاف سیاسی تشدد اور مجرمانہ دھمکیوں کومتعارف کرایا، بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی 2023کو بڑے پیمانے پر ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی، انہوں نے ہجوم کو پارلیمنٹ، سرکاری ٹیلی ویژن کی عمارت اور ریڈیو پاکستان پر حملے کیلئے اکسایا۔اراکین پارلیمنٹ نے خط میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے انتشاری سیاست سے اگست 2014 اور مئی 2022 میں بھی ملک کو مفلوج کیا تھا، عمران خان جیل سے کارکنان کو اسلام آباد اور لاہور میں انتشار وتشدد کو ہوا دینے پر اکساتے رہے ہیں۔
Leave A Comment