تازہ ترین

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی۔سول جج مبشر حسن نے علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے وکیل ظہور الحسن نے دوران سماعت علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ 5 ستمبر کو ایڈیشنل سیشن جج نے بریت کی درخواست پر فیصلہ دینے کا حکم دیا تھا، فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے بریت کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔وکیل نے مزید کہا کہ ملزم کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرکے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔درخواست پر فیصلے میں عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے اور ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کی۔عدالت نے فیصلے میں ایس ایس پی آپریشنز پولیس کو وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانے کا حکم بھی دیا۔

سول جج نے کہا کہ آئندہ سماعت تک تعمیل نہ کرائی گئی توایس ایس پی آپریشنز ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، ایس ایس پی وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے کی وجوہات سے عدالت کو آگاہ کریں گے۔عدالت نے اسلحہ و شراب برآمدگی کیس کی سماعت 2 نومبر 2024ء تک کے لیے ملتوی کردی ہے۔

 

Leave A Comment

Advertisement