ایس آئی ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا 14 واں اجلاس
ایس آئی ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا 14 واں اجلاس ہوا ، اجلاس میں معاشی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔ ایس آئی ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا 14 ویں اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں متعلقہ وفاقی وزراء، نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی، وفاقی و صوبائی سیکرٹریز اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں مختلف وزارتوں کی جانب سے معاشی استحکام کے لیے جاری منصوبوں اور پالیسی اقدامات پر پیشرفت کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی ۔اجلاس کے دوران متعلقہ معاملات کی تیز رفتار تکمیل کے لیے جامع منصوبہ جات پیش کیے گئے ،پالیسی پہلوؤں پر اتفاق رائے سے سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا کرنے پر گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں براؤن فیلڈ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن سمیت پیٹرولیم کے شعبے کی بہتری پر خصوصی زور دیا گیا۔ریلوے کے سٹریٹجک منصوبوں اور نئی موٹرویز کے ذریعے مواصلاتی شعبے کی ترقی کا جائزہ لیا گیا۔سیاحت کی بحالی، لائیوسٹاک کی ترقی اور آٹو انڈسٹری میں تنوع کے منصوبے زیر غور آئے اورانفارمیشن ٹیکنالوجی میں سپیشل ٹیک زونز کے قیام سے شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے پر گفتگو ہوئی۔اجلاس میں نجی شعبے کی شراکت سے عوامی و نجی شراکت داری کے ذریعے اقتصادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی اورمختلف شعبوں کے درمیان زیر التواء امور کو پالیسی اقدامات اور مشاورت سے تیزی سے نمٹانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
Leave A Comment