تازہ ترین

سابق وزیر مملکت سردار رئیس منیر احمد خان ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ملتان سکھر موٹروے پر انٹر چینج بھونگ کی تعمیر سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کرنے کی درخواست دے دی۔ درخواست گزار سردار رئیس منیر احمد خان کی متفرق درخواست پر عدالت عالیہ نے جواب دہی کے لیے پلاننگ ڈویژن کو نوٹس جاری کر دیا۔

واضح رہے کہ انٹر چینج بھونگ کی تعمیر کے لیے بجٹ میں صرف50 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ جب کہ متفرق درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عالیہ بجٹ بڑھانے کے لیے پلاننگ ڈویژن کو حکم جاری فرمائے۔ عدالت عالیہ نے متفرق درخواست پر پلاننگ ڈویژن سے آئندہ ہفتے جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار سردار رئیس منیر احمد خان اپنے کونسل وقار رانا کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے کونسل وقار رانا کے مطابق لینڈ ایکوزیشن اور پوزیشن کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ مبارک ہو یہ تو اچھی خبر ہے، پھر بری خبر کیا ہے؟ جس پر این ایچ اے کے وکیل نے کہا کہ وہ یہ ہے کہ انٹرچینج بھونگ کی تعمیر کے لیے موجودہ بجٹ میں صرف50 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، جب کہ این ایچ اے نے78 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی تھی اور784 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز ہماری طرف سے بھیجی گئی تھی، این ایچ اے کے پاس بہت بڑا پول ہوتا ہے یہ کام کسی اور مد سے بھی کرا سکتے ہیں، عدالت عالیہ  پلاننگ ڈویژن کو بلا کر ان سے بھی پوچھ سکتی ہے، عدالت عالیہ ان سے پوچھے کہ78 کروڑ روپے مانگے گئے آپ نے صرف50 لاکھ روپے کیوں رکھے ہیں؟ درخواست گزار کے کونسل وقار رانا کے استفسار پر  عدالت عالیہ نے پلاننگ ڈویژن کو نوٹس کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

Leave A Comment

Advertisement