دہشتگردی ایک عالمی چیلنج، دنیا پاکستان سے بھرپور تعاون کرے، محسن نقوی
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے، دنیا کو پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کی اشد ضرورت ہے۔وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے امریکی کانگریس مینز کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں کانگریس مینز جیک برگمین، ٹام سوزی اور جوناتھن جیکسن شامل تھے۔اس موقع پر وزیرِ مملکت داخلہ طلال چوہدری، قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر اور وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ سیکورٹی، انسداد دہشت گردی اور بارڈر سیکورٹی پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔وزیرداخلہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں 30 اپریل کو پاکستان کاکس کا انعقاد خوش آئند ہے۔ پاکستان دہشتگردی اور دنیا کے درمیان دیوار کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو پاکستان کے ساتھ بھر پور تعاون کرنے کی اشد ضرورت ہے انسداد دہشتگردی کے شعبے میں انٹیلیجنس اور ٹیکنالوجی شیئرنگ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا اسلام آباد میں جون میں ہونے والا مشترکہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈائیلاگ، انسدادِ دہشتگردی کے حوالے سے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
امریکی کانگریس مینز نے کہا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کوبھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی باصلاحیت اورقابل ہے۔
Leave A Comment