بجٹ 2025-26: تنخواہ میں 10 فیصد اضافہ
وفاقی حکومت نے بجٹ 2025-26 میں تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔ اپنی بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کیلئے ٹیکس میں کمی کے ساتھ ساتھ حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود سرکاری ملازمین کیلئے ریلیف اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت کے گریڈ ایک سے 22 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں سات فیصد اضافے کی تجویز ہے۔ معذور ملازمین کے الاؤنس کو ماہانہ چار ہزار سے بڑھا کر چھ ہزار کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت تفریق کو ختم کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے اہل ملازمین کو 30 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس دیا جائے گا۔ وزیر خزانہ کے مطابق مسلح افواج نے سرحدوں کے تحفظ کیلئے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔ انہی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کیلئے سپیشل ریلیف الاؤنس دیا جائے گا، یہ اخراجات دفاعی بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔