تازہ ترین

حکومت نے بینکوں سے نقد رقم نکالنے پر نان فائلرز کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 0.6 فیصد سے بڑھا کر 0.8 فیصد کر دی ہے، جبکہ اس ٹیکس کے اطلاق کی حد بھی 50 ہزار روپے سے بڑھا کر 75 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ یہ بات چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بتائی جو پارلیمنٹ ہاؤس میں جمعے کو منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران انہوں نے وضاحت کی کہ بجٹ تقریر میں ایک غلطی کے باعث ٹیکس کی شرح ایک فیصد بتائی گئی تھی، جبکہ اصل تجویز کردہ شرح 0.8 فیصد ہی ہے۔کمیٹی کے چیئرمین نوید قمر نے اس موقع پر کہا کہ 50 ہزار روپے کی حد بہت کم ہے اور اسے کم از کم 1 لاکھ روپے کیا جانا چاہیے۔ تاہم کمیٹی اور ایف بی آر نے باہمی مشاورت سے یہ حد 75 ہزار روپے تک بڑھانے پر اتفاق کر لیا۔

مزید برآں، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ مالیاتی بل 2025-26 میں تنخواہ دار طبقے کے لیے تمام سلیبز میں ٹیکس کی شرح میں کمی کی تجویز دی گئی ہے۔ خاص طور پر سالانہ آمدنی 32 لاکھ روپے تک کے افراد کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔

 

Leave A Comment

Advertisement