تازہ ترین

نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے ملک بھر میں جاری ’’آپریشن گرے‘‘کے تحت غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ایک ماہ سے جاری اس مربوط مہم کے دوران اب تک 93 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جب کہ 12 غیر قانونی کال سینٹرز کو سیل کر دیا گیا ہے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق حالیہ کارروائی میں 6 غیر ملکی باشندوں اور 3 مقامی سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جو ایک منظم سائبر فراڈ اور ڈیجیٹل منی لانڈرنگ نیٹ ورک کا حصہ تھے۔یہ نیٹ ورک غیر قانونی منافع کو بین الاقوامی ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے پاکستان سے باہر منتقل کر رہا تھا، جس سے نہ صرف مالی نقصان ہو رہا تھا بلکہ سکیورٹی خدشات بھی پیدا ہو رہے تھے۔

ڈی جی این سی سی آئی اے نے واضح کیا ہے کہ ادارہ سائبر کرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور اس طرح کی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل دھوکا دہی، جعلی کالز اور منی لانڈرنگ جیسے جرائم سے سختی سے نمٹا جائے گا اور کسی بھی ملزم کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

Leave A Comment

Advertisement