حسن علی کی تباہ کن بولنگ، پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے دی
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 37 رنز سے شکست دے دی۔ 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 164 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بنگلہ دیش کی طرف سے لٹن داس نے 48 جب کہ ذاکر علی نے 36 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے حسن علی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے پانچ شکار کیے۔ شاداب خان نے دو، سلمان علی آغا، فہیم اشرف اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل شاہینوں نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے7 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے تھے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدائی طور پر اس وقت غلط ثابت ہوتا نظر آیا جب صرف 5 کے مجموعی سکور پر دونوں اوپنر آؤٹ ہوگئے۔ فخر زمان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ صائم ایوب کھاتہ بھی نہ کھول پائے۔ بعد ازاں محمد حارث اور کپتان سلمان آغا نے ٹیم کو سہارا دیا اور مجموعی سکور کو 53 تک لے گئے تاہم یہ پارٹنر شپ بھی زیادہ دیر نہ چل سکی اور محمد حارث 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان سلمان آغا نے 56 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے حسن نواز نے 44 جب کہ شاداب خان نے 48 رنز بنائے۔بنگلہ دیش کی طرف سے شریف الاسلام نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ مہدی حسن، حسن محمود، تنظیم ثاقب، رشد حسین اور شمیم حسین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
Leave A Comment