ون ڈے فارمیٹ میں نئی گیندوں سے متعلق قانون میں اہم تبدیلی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایک روزہ فارمیٹ میں دو گیندوں کے استعمال اور کنکشن سے متعلق قوانین میں تجویز کی گئی تبدیلیوں کی منظوری دے دی۔ قوانین میں تبدیلی کی تجویز آئی سی سی کی مینز کرکٹ کمیٹی نے پیش کی تھی جس کو چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی نے منظور کیا۔ یہ تبدیلیاں ٹیسٹ فارمیٹ میں 17 جون، ایک روزہ فارمیٹ میں 2 جولائی اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 10 جولائی سے نافذ العمل ہوں گی۔موجودہ قانون کے مطابق مینز ون ڈے انٹرنیشنل کی ہر اننگز میں دو نئی گیندیں استعمال ہوتی ہیں، یعنی دونوں اینڈز سے ایک ایک گیند۔ قانون میں تبدیلی کے بعد اب ہر اننگز میں 34 ویں اوور کے اختتام تک دو نئی گیندیں استعمال ہوں گی اور 34 ویں اوور کے بعد بولنگ ٹیم ان دو میں سے ایک گیند کا انتخاب کرے گی جس کو 35 سے 50 اوورز تک استعمال کیا جائے گا۔آئی سی سی کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد ’بیٹرز اور بولرز کے درمیان توازن قائم کرنا ہے‘۔
Leave A Comment