تیسرا ون ڈے: پاکستان کی نیوزی لینڈ کیخلاف 4 وکٹیں گرگئیں
پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنالیے۔ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے میچ خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوا تاہم رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔بارش کے باعث میچ کی دونوں اننگز کو 42، 42 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا، کیوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے۔کپتان مائیکل بریسویل 59 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ڈیرل مچل 43 اور ہینری نکلز نے 31 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید نے 4، نسیم شاہ نے 2 جبکہ فہیم اشرف اور سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا تو امام الحق ایک رن بناکر فیلڈر کی گیند لگنے کے باعث انجری کا شکار ہوکر ریٹائر ہرڈ ہوگئے، اوپنر عبداللہ شفیق 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دیگر کھلاڑیوں میں سلمان آغا 11، عثمان خان 12 رنز بناسکے جبکہ بابراعظم نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے بین سیئرز نے 2 جبکہ محمد عباس اور ڈیرل مچل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پلئینگ الیون میں پاکستان نے ایک ایک تبدیلی کی ہے، حارث رؤف کی جگہ نسیم شاہ کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تین ون ڈے میچز کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو پاکستان کے خلاف 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
Leave A Comment