جسٹس کریم خان آغاز سندھ ہائیکورٹ میں 8 رکنی آئینی بینچ کے سربراہ مقرر
جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کریم خان آغا کو سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچ کا سربراہ مقرر کردیا۔رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا تیسرا اجلاس چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس کا واحد ایجنڈا سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کی تشکیل پر غور کرنا تھا۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق نائیک، شیخ آفتاب احمد، روشن خورشید بروچہ، وزیر قانون سندھ ضیاالحسن لنجار، اختر حسین، اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے 4 کے مقابلے میں 11 اکثریتی ووٹوں کے ذریعے سندھ ہائی کورٹ آئینی بینچز کے لیے ججز کی منظوری دی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جسٹس کریم خان آغاز سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کے سربراہ ہوں گے، جس کی مدت 2 ماہ ہوگی۔سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سلیم جیسر، جسٹس عمر سیال، جسٹس یوسف علی سید، جسٹس عبد المبین لاکھو، جسٹس ذوالفقار علی سنگی،جسٹس ثنا اکرم منہاس، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس ارباب علی ہکڑو آئینی بینچ کا حصہ ہوں گے۔اس سے قبل جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کے ججز کی نامزدگی نہیں ہو سکی تھی، جس پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی پیش کردہ تجویز کی توثیق کرتے ہوئے 24 نومبر تک سندھ ہائی کورٹ کے تمام ججز پر آئینی بینچز تشکیل دیا گیا تھا۔
Leave A Comment