کراچی، کشمور اور ڈیرہ اسمٰعیل خان میں مزید 3 پولیو کیسز رپورٹ
ملک میں پولیو کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، پیر کو کراچی، کشمور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں مزید 3 پولیو کیسز سامنے آگئے، جس کے بعد ملک میں رواں سال سامنے آنے والے مجموعی پولیو کیسز کی تعداد 59 ہوگئی۔ قومی ادارہ صحت اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے انسداد پولیو کے ایک عہدیدار کے مطابق ڈیرہ اسمٰعیل خان، کراچی اور کشمور میں پولیو وائرس ٹائپ 1 (ڈبلیوپی وی1) کے 3 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ’ بچوں سے حاصل کیے گئے نمونوں کی جینیاتی ترتیب سے پتہ چلتا ہے کہ وہ جینیاتی طور پر ایک ہی ڈبلیو پی وی 1 وائرس کے جینیاتی کلسٹر سے جڑے ہوئے ہیں’۔جنوبی خیبر پختونخوا میں پولیو سے متاثرہ 7 اضلاع میں سے ایک ڈی آئی خان میں اب تک پولیو کے 8 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
رواں سال اب تک رپورٹ ہونے والے 59 کیسز میں سے 26 کا تعلق بلوچستان، 16 کا خیبر پختونخوا، 15 کا سندھ اور ایک ایک کا تعلق پنجاب اور اسلام آباد سے ہے۔پاکستان پولیو پروگرام ہر سال بڑے پیمانے پر حفاظتی قطرے پلانے کی مہم چلاتا ہے اور بچوں کو براہ راست ان کی دہلیز پر ویکسین پہنچاتا ہے۔مزید برآں، حفاظتی ٹیکوں سے متعلق توسیعی پروگرام صحت کے مراکز میں بچوں کی 12 بیماریوں کے خلاف مفت ٹیکے فراہم کرتا ہے۔پولیو کے سدباب کے لیے اگلی بڑی ویکسینیشن مہم دسمبر کے وسط میں شیڈول ہے جس کا مقصد 4 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں تک ویکسین پہنچانا ہے۔
Leave A Comment