کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز کی تعارفی تقریب
کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز کے بارہویں ایڈیشن کی تعارفی تقریب ایکسپو سینٹر میں منعقد کی گئی۔تقریب کے موقع پر افواج پاکستان کے رائفل ڈرل کی جانب سے پیشہ ورانہ تربیت کا شاندار مظاہرہ پیش کیا گیا۔دفاعی نمائش کا انعقاد 19 سے 22 نومبر کے درمیان کیا جائے گا اور اس میں دنیا بھر کے مختلف ممالک کے وفود اپنے سامان حرب کے ساتھ شریک ہونگے۔ملکی سطح پر تیار کردہ دفاعی مصنوعات بھی نمائش میں رکھی جائینگی ۔
ڈائریکٹر میڈیا ڈیپو کموڈور اعتزاز خالد نے آئیڈیاز 2024 پر میڈیا بریفنگ میں کہا کہ آئیڈیاز 2024 کی 4 روزہ نمائش میں متعدد سرگرمیاں شامل ہوں گی، جس میں افتتاحی تقریب، دفاعی صنعتوں پر سیمینار اور میٹنگز منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش پاکستان کی دفاعی صنعت کو عالمی سطح پر پیش کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے، پاکستان کی اسٹریٹیجک پوزیشننگ اور دفاعی صلاحیتوں کو بھی دنیا کے سامنے لایا جاتا ہے۔ہر دو سال بعد ہونے والی یہ نمائش پاکستان کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے جہاں وہ اپنے مقامی دفاعی مصنوعات کو دنیا کے سامنے پیش کر سکتا ہے جبکہ بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ تعاون کے مواقع بھی حاصل کرتا ہے۔ آئیڈیاز 2024 کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے پاکستان کی دفاعی برآمدات میں اضافہ ہوتا ہے جس سے ملک کی معیشت مزید مستحکم ہوتی ہے، غیر ملکی وفود اور دفاعی ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ نیٹ ورکنگ اور کاروباری مواقع حاصل ہوتے ہیں۔یہ نمائش نہ صرف کاروبار کو فروغ دیتی ہے بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور دفاعی مینوفیکچرنگ کو بھی تیز کرتی ہے، اس طرح پاکستان کے لیے ایک اہم اقتصادی اور اسٹریٹیجک ایونٹ ثابت ہوتی ہے۔
Leave A Comment