تازہ ترین

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کے کسی بھی فوجی مس ایڈونچر کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستان علاقائی امن کا عزم کیے ہوئے ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ کیا جہاں  کور کمانڈر نے ان کا استقبال کیا، آرمی چیف نے ہیمر اسٹرائیک مشق کا مشاہدہ کیا۔ یہ مشق دشمن کے قریب حقیقی جنگی حالات کی عکاسی کے لیے ترتیب دی گئی تھی تاکہ جنگی تیاری، میدانِ جنگ میں ہم آہنگی اور جدید ترین ہتھیاروں کے مؤثر استعمال کو جانچا جا سکے۔مشق میں کثیر المقاصد لڑاکا طیاروں، جنگی ہیلی کاپٹروں، طویل فاصلے تک مار کرنے والی آرٹلری، اور جدید فیلڈ انجینیئرنگ تکنیکس کا استعمال کیا گیا۔ تمام یونٹس نے شاندار ہم آہنگی، چُستی اور مؤثر حملہ آور حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، جو فوج کی اعلیٰ تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، مہارت اور جنگی جذبے کو سراہا اور انہیں پاکستان آرمی کی عملی مہارت کی مثال قرار دیا۔ اپنے خطاب میں جنرل عاصم منیر نے کہا پاکستان کی مسلح افواج مادرِ وطن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر تیار ہیں۔ اگر بھارت نے کوئی فوجی مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے بھرپور، فوری اور موثر جواب دیا جائے گا۔انہوں نے  کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل تیار ہے۔

Leave A Comment

Advertisement