تازہ ترین

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 270 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں فورم نے اندرونی اور بیرونی سلامتی کے درپیش چیلنجز اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 270 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، کانفرنس میں آپریشن بنیان مرصوص اور خضدار شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔شرکا کانفرنس کی جانب سے کہا گیا کہ یہ سفاکی بھارتی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی، 4 معصوم بچے اور 2 بے گناہ افراد شہید ہوئے جبکہ شرکا کی جانب سے معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انسانیت اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔فورم نے معرکہ حق کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، پاکستان کے عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گا۔شرکا نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اسٹریٹجک وژن اور غیر متزلزل قیادت کا اعتراف کیا۔ فورم نے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی۔

اس کے علاوہ فورم نے اندرونی اور بیرونی سلامتی کے درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا۔فورم نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی کامیاب تکمیل، پاکستان کی مسلح افواج کے لیے قوم کی غیر متزلزل حمایت اور پاکستانی میڈیا اور انفارمیشن وارئیرز کو سراہا۔شرکا کانفرنس نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے حقائق اوراعداد و شمار کو درست طریقے سے پیش کیے، پاکستانی میڈیا نےعوامی اعتماد کو فروغ اور غلط معلومات کا تدارک کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے حالیہ کامیابیوں کو اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم قرار دیتے ہوئے درپیش خطرات کے تناظر میں آپریشنل تیاری کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ “ پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا سرچشمہ ہیں۔سید عاصم منیر نے پاکستانی عوام کی غیر متزلزل حمایت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے اعتماد اور امیدوں پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہیں۔

 

Leave A Comment

Advertisement