تازہ ترین

بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں مجموعی مریضوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس اچانک اضافے کی وجہ وائرس کا نیا ویرینٹ NB.1.8.1 ہو سکتا ہے، جو پہلے ہی متعدد ممالک میں رپورٹ ہو چکا ہے۔عالمی ادارہ صحت (WHO) نے NB.1.8.1 کو "زیرِ نگرانی ویرینٹ" قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس ویرینٹ میں انسانی خلیات سے جُڑنے کی صلاحیت زیادہ ہے، جس کے باعث اس کے تیزی سے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ویرینٹ کی ابتدائی علامات میں گلے کی خراش، کھانسی اور بخار شامل ہیں، تاہم فی الحال وائرس کی شدت میں اضافے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

بھارتی وزارت صحت کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 685 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ چار اموات ریکارڈ کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق  اموات نئی دہلی، کیرالہ، کرناٹک اور اترپردیش میں ہوئیں۔

حکام کے مطابق ملک میں اس وقت 3400 سے زائد فعال کیسز موجود ہیں، جب کہ 22 مئی کو یہ تعداد صرف 257 تھی۔ صرف چند دنوں میں کیسز میں اس قدر تیزی سے اضافہ ماہرین کے لیے باعثِ تشویش ہے۔انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (ICMR) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راجیو بہل کا کہنا ہے کہ ادارہ صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔ اُن کے مطابق فی الحال عوام کو محتاط رہنے، علامات پر نظر رکھنے اور حفاظتی اقدامات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر ماسک پہننے، ہاتھ دھونے اور سماجی فاصلے جیسے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

 

Leave A Comment

Advertisement