تازہ ترین

امریکی ریاست آئڈاہو میں یلو اسٹون نیشنل پارک کے قریب ایک ہولناک ٹریفک حادثے میں سات افراد ہلاک ہو گئے۔ آئڈاہو اسٹیٹ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کی شام تقریباً 7 بج کر 15 منٹ پر یو ایس ہائی وے 20 پر ہنری لیک کے نزدیک پیش آیا، جہاں ایک سیاحتی وین اور ایک ڈاج ریم پک اپ ٹرک آپس میں ٹکرا گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مرسڈیز مسافر وین ایک ٹور وہیکل کے طور پر استعمال ہو رہی تھی، جس میں 14 افراد سوار تھے جبکہ پک اپ ٹرک میں صرف ڈرائیور موجود تھا۔ تصادم کے نتیجے میں وین میں سوار 6 غیر ملکی افراد اور ٹرک ڈرائیور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔حادثے کے بعد دو زخمیوں کو میڈیسن میموریل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق تین دیگر زخمیوں کو طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا، جبکہ دو مریضوں کو مزید علاج کے لیے ایسٹرن آئڈاہو ریجنل میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں اور اس کی تحقیقات جاری ہیں۔ہنری لیک، ویسٹ یلو اسٹون، مونٹانا سے تقریباً 17 میل کے فاصلے پر واقع ہے، جو یلو اسٹون نیشنل پارک کے داخلی راستوں میں سے ایک ہے۔حادثے کے بعد یو ایس ہائی وے 20 کو تقریباً سات گھنٹوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا، جسے بعد ازاں دوبارہ کھول دیا گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کے نام لواحقین کو اطلاع دینے کے بعد جاری کیے جائیں گے۔

 

Leave A Comment

Advertisement