تازہ ترین

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے جوہری تنصیبات بحال کرنے کی کوشش کی تو دوبارہ حملہ کریں گے۔دی ہیگ میں جاری نیٹو سمٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کی تھوڑی بہت خلاف ورزی ہوئی تھی تاہم اب اسرائیل ایران جنگ بندی پر اچھے سے عمل ہو رہا ہے، سیز فائر کے بعد میرے کہنے پر اسرائیلی طیارے واپس آگئے تھے،  اسرائیل کا جنگ سے پیچھے ہٹنا خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران میں تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں جو سب کیلئے اہم ہیں، ایران میں فردو جوہری سائٹ تباہ کر دی اور فردو جوہری سائٹ پر اب تباہی کے سوا کچھ نہیں، جنگ بندی ایران کیلئے بھی فتح ہے ان کا ملک بچ گیا، ایرانی حملوں سے اسرائیل میں عمارتیں تباہ ہوئیں۔ ایران کو کسی صورت یورینیئم افزودگی کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اب ایران طویل عرصے تک ایٹمی مواد نہیں بنا سکے گا اور ایران کے لئے اب جوہری ہتھیار بنانا بہت مشکل ہے۔صحافی کے سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے ایران پر حملہ کر کے جنگ ختم کر دی، اب اگر ایران یورینیئم افزودگی کا پروگرام دوبارہ شروع کرے تو اس پر پھر حملہ کریں گے۔غزہ سے متعلق بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ کے معاملے پر بھی بڑی پیش رفت ہو رہی ہے۔

 

Leave A Comment

Advertisement