امریکا: پاکستان کیلئے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام ختم
امریکی تعلیمی فاونڈیشن نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان کےلئے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام ختم کردیا ہے۔روز نامہ جنگ کے مطابق یونائیٹڈ سٹیٹس ایجوکیشنل فاونڈیشن ان پاکستان (USEFP) نے ایک اہم اعلان میں تصدیق کی ہے کہ امریکی حکومت نے پاکستان کےلئے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام (Global UGRAD) کو بند کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں فاونڈیشن کا کہنا ہے کہ اسے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے مطلع کیا گیا ہے کہ اب یہ پروگرام مزید جاری نہیں رہے گا۔فاونڈیشن کا ماننا ہے کہ یہ فیصلہ ان ہزاروں طلباءکےلئے مایوسی کا باعث بن سکتا ہے جنہوں نے اس سال درخواست دی تھی اور اس موقع کا انتظار کر رہے تھے۔
گزشتہ 15 برسوں کے دوران گلوبل UGRAD پروگرام نے پاکستانی طلباءکو امریکا میں تعلیمی تجربات، ثقافتی تبادلے اور قائدانہ صلاحیتوں کی ترقی کے مواقع فراہم کئے۔اس پروگرام نے طلباء کی شخصی و پیشہ ورانہ ترقی کے ساتھ ساتھ مختلف برادریوں پر بھی مثبت اثرات مرتب کئے۔
ایجوکیشنل فاونڈیشن نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پروگرام میں دلچسپی ظاہر کی اور اپنی تعلیمی ترقی کےلئے عزم کا مظاہرہ کیا۔ادارے نے طلباءکو مشورہ دیا کہ وہ دیگر بین الاقوامی تعلیمی اور سکالرشپ مواقع تلاش کریں جو ان کے مقاصد سے ہم آہنگ ہوں۔
اعلامیے کے آخر میں یو ایس ایجوکیشنل فاونڈیشن ان پاکستان نے تمام خواہشمند طلباءکےلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا اور ان کے تعلیمی و پیشہ ورانہ سفر کےلئے کامیابی کی دعا کی۔
Leave A Comment