تازہ ترین

ایران نے رات کو اسرائیل پر میزائلوں سے ایک اور بڑا حملہ کیا۔ حملوں میں اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب اور حیفہ کو نشانہ بنایا گیا۔تازہ حملوں میں حیفہ ریفائنری کے 3 ملازمین ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ریفائنری کی پیداوار مکمل طور پر روک دی گئی ہے۔آپریشن وعدہ صادق سوم کے تحت تازہ حملے ان مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر بھی کیے گئے ہیں جو اسرائیل کے زیر تسلط ہیں۔ پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر صبح تک حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی جارحیت نے ایران کو مجبور کردیا ہے کہ وہ اپنی قوم اور ملک کے دفاع میں یہ حملے جاری رکھے اور صیہونی مجرموں پر کاری ضرب لگائے۔ 

خبر رساں اداروں کے مطابق تازہ حملوں سے اسرائیل میں نقصان کی فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔اس سے پہلے ایران نے اسرائیل کا ایک اور ایف تھرٹی فائیو مار گرانے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔ تازہ ایف تھرٹی فائیو تبریز میں گرانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق اب تک مار گرائے گئے ایف تھرٹی فائیو کی تعداد چار ہوگئی ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کے بھی ایران پر حملے جاری ہیں، تہران اور اہواز شہر میں کئی دھماکے سنے گئے۔ وسطی ایران کے نطنز جوہری سائٹ پر ایئرڈیفنس کو فعال کردیا گیا۔ اسرائیل نے پیر کو حملوں میں ایرانی سرکاری ٹی وی چینل کی عمارت کو نشانہ بنایا۔دوران نشریات حملے پر خاتون اینکر کو فوری سیٹ سے ہٹنا پڑا، خاتون اینکر سحر امامی نے پانچ منٹ بعد دوبارہ اسکرین پر آکر نشریات شروع کردیں۔ایران کے سرکاری ٹی وی چینل پر اسرائیلی حملے میں زخمی ایک ملازمہ دم توڑ گئی، اسی طرح تہران میں ہیلی کاپٹر فیکٹری اور بندر عباس پر بھی حملہ کیا گیا۔

 

Leave A Comment

Advertisement