تازہ ترین

گندم کے بحران پر قابوپانے کیلئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ پیرافورس کی ضلع بھر میں بڑی کارروائیاں‘ مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر ذخیرہ کی گئی ہزاروں من گندم برآمد‘ فلور ملز‘ کاٹن فیکٹری‘ فیڈ ملز‘ ملٹی نیشنل کمپنی سمیت متعدد مقامات سیل‘ ذخیرہ اندوز مالکان کے خلاف کارروائی کیلئے تحریری مراسلے ارسال کر دیئے گئے ۔صوبہ بھر میں بڑھتے ہوئے آٹے کے بحران اورمہنگے داموں فروخت پر قابوپانے کیلئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں پیرا فورس اورضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر میں مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ذخیرہ کی گئی ہزاروں من گندم برآمد کرکے ضبط کرلی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے پیرا فورس کے ہمراہ چھاپہ مار کر بائی پاس روڈ پر واقع المختار فلورملز سے ذخیرہ کی گئی 23ٹن گندم برآمد کرکے قبضہ میں لینے کے بعد فلورملزکوسیل کردیا۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے پیرا فورس کے ہمراہ ظاہر پیر کے علاقہ میں چھاپے مار کر دوکمیشن شاپس کے گوداموں سے ذخیرہ کی گئی 4ہزار4سوبوری گندم برآمد کرکے گودام سیل کردیئے۔  خفیہ نشاندہی پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرنے شہبازپور روڈ پر ہمالیہ فیڈز کے گودام پر چھاپہ مار کر ذخیرہ کی گئی 70ٹن گندم برآمد کرلی جبکہ بسم اللہ کاٹن فیکٹری کے گودام سے بھی 6 ٹن گندم برآمد کرلی گئی جبکہ چوک بہادر پور کے علاقہ میں ملٹی نیشنل کمپنی کے گودام سے بھی 60ہزاربوری گندم برآمد کی گئی ہے۔اسی طرح ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے غوث پور کے علاقہ میں بھی گودام پرچھاپہ مار کر ذخیرہ کی گئی 15ہزار من گندم برآمد کرکے قبضہ میں لے لی جبکہ موضع وہگوان میں بھی چھاپے کے دوران ذخیرہ کی گئی 15سومن گندم برآمد کرکے قبضہ میں لے لی گئی۔

انتظامیہ کی جانب سے ذخیرہ اندوز مالکان کے خلاف سخت کارروائی کیلئے تحریری مراسلے بھی ارسال کیئے گئے ہیں۔

Leave A Comment

Advertisement