چار سدہ میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے والے ٹارگٹ کلر سمیت دو ملزم ہلاک
چار سدہ میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے والے ٹارگٹ کلر سمیت دو ملزم مارے گئے۔پولیس حکام کے مطابق چارسدہ سٹی پولیس اور سی ٹی ڈی مردان ریجن نے مشترکہ کارروائی کے دوران غنی خان روڈ پر پولیس اہلکار کو شہید کرنے والے مطلوب ٹارگٹ کلرز کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا۔ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب مجرمان اشتہاری اسماعیل اور حمزہ اپنے رشتہ داروں کے گھر آئے ہوئے ہیں اور کسی بھی وقت دہشت گردی کی کارروائی کا منصوبہ رکھتے ہیں۔اطلاع پر پولیس نے فوری طور پر سی ٹی ڈی کے ہمراہ علاقے ڈھب بانڈہ میں ناکہ بندی کی اور اسی دوران دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی جنہوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں حملہ آور موقع پر ہلاک ہو گئے، موقع سے دو عدد پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق دونوں ہلاک شدگان نے 30 اپریل کو غنی خان روڈ پر ڈیوٹی پر جاتے ہوئے پولیس اہلکار فاروق پر حملہ کر کے شہید کیا تھا جبکہ ساتھ موجود ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کا ملازم زخمی ہوا تھا۔
Leave A Comment