حکومت نے نیشنل سیونگز اسکیموں پر منافع کی شرح میں کمی کر دی
حکومت نے قومی بچت اسکیموں (نیشنل سیونگز) پر منافع کی شرح میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جو 27 جون 2025 سے مؤثر العمل ہو چکی ہے۔ ٹاپ لائن سیکیورٹیز اور نیشنل سیونگز کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق منافع میں کمی 15 سے 59 بیسس پوائنٹس کے درمیان ہے۔ اسلامی اسکیموں پر سب سے زیادہ کمی کی گئی ہے۔ سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ اور سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ کی منافع شرح میں 59 بیسس پوائنٹس کمی کی گئی، جس کے بعد نئی شرح 10.34 فیصد سے کم ہو کر 9.75 فیصد ہو گئی۔ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح میں 36 بیسس پوائنٹس کمی کے بعد یہ 11.16 فیصد ہو گئی، جب کہ اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس کی شرح 10.90 فیصد سے کم ہو کر 10.60 فیصد کر دی گئی ہے۔ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس کی شرح منافع میں نسبتاً معمولی 15 بیسس پوائنٹس کمی کی گئی ہے، جس کے بعد یہ 11.91 فیصد سے کم ہو کر 11.76 فیصد رہ گئی۔
معمر افراد اور شہداء کے اہل خانہ کے لیے مخصوص اسکیموں پر بھی کٹوتی کی گئی ہے۔ پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ، بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ، تینوں کی شرح منافع میں 24 بیسس پوائنٹس کمی کی گئی ہے اور اب یہ 13.2 فیصد پر آ گئی ہیں۔تاہم، اسٹینڈرڈ سیونگز اکاؤنٹ پر منافع کی شرح 9.5 فیصد برقرار رکھی گئی ہے۔
یہ تبدیلیاں اس وقت کی گئی ہیں جب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے گزشتہ ماہ اپنی مانیٹری پالیسی میں شرح سود کو 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ فیصلہ عالمی حالات، خاص طور پر ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور عالمی مارکیٹ میں اجناس کی قیمتوں پر اس کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، 40 میں سے 56 فیصد ماہرین نے بھی اسی فیصلے کی پیش گوئی کی تھی۔ معاشی ماہرین کے مطابق دسمبر 2025 تک شرح سود مزید کم ہو کر 10 فیصد تک آنے کا امکان ہے۔