شمالی کوریا کا کروز میزائل اور جہاز شکن میزائل کا تجربہ
شمالی کوریا نے اتوار کے روز اسٹریٹیجک کروز میزائلز اور اینٹی شپ میزائلز کا ایک اور تجربہ کیا ہے، جس کا مقصد اس کے جدید جنگی بحری جہاز کی آپریشنل صلاحیتوں کو جانچنا تھا۔سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اے (KCNA) کے مطابق اس تجربے کا مشاہدہ شمالی کوریا کے رہنما ’کم جونگ ان ‘ نے سینئر دفاعی حکام اور بحری کمانڈرز کے ہمراہ کیا۔ دو اسٹریٹیجک کروز میزائلز اور تین اینٹی شپ میزائلز فائر کیے گئے، جن کا مقصد جنگی جہاز کے مربوط ہتھیاروں کے نظام، میزائل لانچ کے طریقہ کار کی تربیت اور جدید نیویگیشن سسٹمز کی درستگی اور اینٹی جیمنگ صلاحیت کو جانچنا تھا۔
کروز میزائلز تقریباً 7,869 سے 7,920 سیکنڈ تک پرواز کرتے رہے جبکہ اینٹی شپ میزائلز نے 1,960 سے 1,973 سیکنڈ تک پرواز کی، اور مغربی ساحلی پانیوں میں اپنے اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔ اسی روز کم جونگ اُن کو زیرِ تعمیر مزید دو جنگی جہازوں کے ہتھیاروں کے نظام سے متعلق بریفنگ دی گئی، جو اس کلاس کے تیسرے اور چوتھے جہاز کی تیاری کی نشاندہی کرتی ہے۔کم جونگ اُن نے اس موقع پر ملک کی جوہری دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کو اولین ترجیح قرار دیا اور اسٹریٹیجک و ٹیکٹیکل حملہ آور صلاحیتوں کے ساتھ فوری ردعمل کی تیاری بہتر بنانے کی ہدایت دی۔
Leave A Comment