تازہ ترین

صدر مملکت آصف علی زرداری کا قافلہ وی وی آئی پی روٹ سے ہٹنے کے بعد اسلام آباد میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف ٹریفک پولیس (جن کے ایس ایس پی سیکیورٹی کے عہدے کا اضافی چارج بھی تھا) کو ناقص نگرانی اور انتظامات کے باعث دونوں عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ پولیس افسران نے بتایا کہ گریڈ 18 کے پولیس افسر کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے صدر اور ان کے قافلے کو سنگین سیکیورٹی خطرے میں ڈال دیا تھا۔پولیس افسران نے کہا کہ جمعرات کی شام صدر زرداری نے بحریہ ٹاؤن میں ایک خاندان سے ملاقات کا پروگرام بنایا تھا۔وہ، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر کے ہمراہ ایوان صدر سے بحریہ ٹاؤن کی طرف روانہ ہوئے، قافلہ کورال چوک عبور کرنے کے بعد ایکسپریس وے پر وی وی آئی پی روٹ سے ہٹ گیا، حالاں کہ سیکیورٹی انتظامات اور وی وی آئی پی راستہ پہلے سے متعین تھا، بحریہ ٹاؤن کی طرف مڑنے کے بجائے قافلہ سیکیورٹی حصار اور وی وی آئی پی روٹ سے آگے نکل گیا۔نتیجتاً وی وی آئی پی قافلہ آدھے گھنٹے سے زیادہ ٹریفک میں پھنسا رہا۔

وزیر داخلہ اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں نے وی وی آئی پی روٹ اور سیکیورٹی سے متعلق ناقص نگرانی اور انتظامات پر شدید تشویش ظاہر کی تھی۔اس کے نتیجے میں ذیشان حیدر کو دونوں عہدوں سے ہٹا کر مزید احکامات تک سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد بھیج دیا گیا۔گریڈ 19 کے پولیس افسر ریٹائرڈ اسکواڈرن لیڈر عبد الحق کو ایس ایس پی سیکیورٹی کا اضافی چارج دیا گیا ہے، جب کہ گریڈ 18 کی افسر پری گل ترین کو ایس ایس پی ٹریفک پولیس کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement