ڈھاکا: وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ اور مشیر تجارت سے ملاقاتیں
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران مشیر خارجہ ایچ ای ایم ڈی توحید حسین سے تفصیلی ملاقات کی ہے، نائب وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔دفتر خارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ پوسٹ کے مطابق ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے ڈھاکا میں بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ ایچ ای ایم ڈی توحید حسین سے تفصیلی ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جن میں اعلیٰ سطح کے دورے، تجارتی و اقتصادی تعاون، عوامی روابط، ثقافتی تبادلے، تعلیم اور استعداد کار میں اضافے کے منصوبے اور انسانی ہمدردی سے متعلق امور شامل تھے۔اس موقع پر علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی جن میں سارک کی بحالی، فلسطین کے مسئلے اور روہنگیا بحران کے حل جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔بات چیت تعمیری ماحول میں ہوئی جو دونوں ممالک کے درمیان موجود خیرسگالی اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے، فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ نے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔
قبل ازیں، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے بنگلہ دیش کے مشیر تجارت شیخ بشیر الدین سے ناشتہ پر ملاقات کی تھی، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان بھی اس ملاقات میں شریک ہوئے۔
Leave A Comment