دہشتگرد تنظیم ’القاعدہ‘ نے 3 بھارتی شہری اغوا کرلیے
مغربی افریقی ملک مالی کے مغربی علاقے ”کیز“ میں واقع ایک سیمنٹ فیکٹری پر دہشتگرد حملے کے دوران تین بھارتی شہریوں کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ اور مقامی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ان افراد کو ایک کالعدم دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے منسلک گروہ نے یرغمال بنایا ہے۔بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق، یکم جولائی کو شدت پسندوں کے ایک مسلح گروہ نے ”ڈائمنڈ سیمنٹ فیکٹری“ پر مربوط حملہ کیا، اس دوران انہوں نے فیکٹری میں کام کرنے والے تین بھارتی شہریوں کو زبردستی اغوا کر لیا۔ رپورٹ میں مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ حملہ آور بھاری ہتھیاروں سے لیس تھے اور فیکٹری میں گھس کر کسی مزاحمت کے بغیر تینوں کو یرغمال بنا کر لے گئے۔سیکیورٹی حکام کو شبہ ہے کہ اس اغوا کی منصوبہ بندی ”جماعت نصرت الاسلام والمسلمین“ (JNIM) نے کی ہے، جو القاعدہ سے منسلک ایک شدت پسند تنظیم ہے اور مالی میں پہلے بھی کئی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہی ہے۔
بھارت کی وزارت خارجہ نے اس واقعے کو ”قابل مذمت پرتشدد اقدام“ قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزارت کے ترجمان نے کہا، ’بھارت اس وحشیانہ کارروائی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور مالی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ہمارے شہریوں کی بحفاظت اور فوری رہائی کو یقینی بنائے۔‘وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق بھارتی سفارتخانہ مالی کے دارالحکومت باماکو میں مقامی حکام، سکیورٹی اداروں اور ڈائمنڈ سیمنٹ فیکٹری کی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ مغوی شہریوں کی رہائی ممکن بنائی جا سکے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ’وزارت کے سینئر حکام اس صورت حال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور ہر ممکن سطح پر رابطے میں ہیں تاکہ مغوی بھارتی شہریوں کی جلد از جلد رہائی ممکن بنائی جا سکے۔‘بھارتی حکومت نے مالی میں مقیم تمام بھارتی باشندوں کو محتاط رہنے، ہوشیاری برتنے اور سفارتخانے سے باقاعدہ رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔وزارت خارجہ نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ حکومت ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ مغوی شہری جلد بحفاظت وطن واپس پہنچیں۔
Leave A Comment