کراچی، مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار
مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے مبینہ پولیس مقابلوں میں 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
کورنگی نمبر ڈیڑھ سیکٹر 32 سی میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا جس کی شناخت عبد الخالد ولد نیاز کے نام سے ہوئی۔ملزم کے قبضے سے پستول بمعہ راؤنڈز، موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق موٹر سائیکل لفٹر گروہ سے ہے۔ ملزمان کی شناخت واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کی گئی جس میں ملزمان کو شہری سے موٹر سائیکل چھینتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں ڈیفنس پولیس کا دورانِ گشت سی آر کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان سے آمنا سامنا ہوا۔ پولیس کے رکنے کے اشارے پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کی شناخت علی مشوری ولد غلام مصطفیٰ کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرا ملزم فرار ہوگیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 125 موٹر سائیکل، آئی فون موبائل اور 30 بور پستول بمعہ 5 زندہ راؤنڈ برآمد ہوئے۔ ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزم نے درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا جبکہ چیکنگ کے دوران اس کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آیا۔زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Leave A Comment