ایف بی آر اختیارات کیخلاف ہڑتال پر تاجر برادری تقسیم
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور مختلف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان 19جولائی کو ملک گیر ہڑتال کے حوالے سے اختلافات سامنے آگئے۔صدر ایف پی سی سی آئی نے 19 جولائی کی ہڑتال سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیڈریشن اس احتجاج کا حصہ نہیں بنے گی، جب کہ کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر نے ہڑتال کے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کیا ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی کے مطابق وزیر خزانہ سے ہونے والی حالیہ ملاقات میں حکومت نے تاجروں کو ان کے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جس کے بعد احتجاج کا جواز باقی نہیں رہا۔تمام چیمبرز نے ملاقات میں ہڑتال نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی اور مذاکرات اب بھی جاری ہیں۔ آج وزارت خزانہ کی جانب سے پریس ریلیز جاری کی جائے گی تاکہ مذاکرات کی پیش رفت کو سرکاری سطح پر تسلیم کیا جا سکے، تاہم انہوں نے گزشتہ روز ریلیز جاری نہ کرنے پر حکومت سے ناراضی کا اظہار بھی کیا۔
کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر نے 19 جولائی کو ملک گیر ہڑتال اور شٹر ڈاؤن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری ٹیکسوں اور معاشی پالیسیوں کے خلاف اپنے تحفظات پر متحد ہے۔ ان کے مطابق ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز نے بھی اسی روز پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔تاجروں کے درمیان اس اختلاف کے باعث 19 جولائی کی ہڑتال کے اثرات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ تاجروں کی یہ تقسیم احتجاج کی شدت پر کس حد تک اثرانداز ہوگی۔
Leave A Comment