بھارت: بیٹی کی پہلی سالگرہ منانے کے دوران عمارت گر گئی، خوشی کی تقریب ماتم میں بدل گئی
بھارت میں بدھ کی نصف شب ایک غیر قانونی چار منزلہ عمارت کا پچھلا حصہ اچانک منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔حادثے سے کچھ ہی دیر قبل ایک جوڑا اپنی ایک سالہ بچی کی سالگرہ منا رہا تھا۔ گھر میں غبارے اور روشنیوں سے سجاوٹ کی گئی تھی، کیک کاٹا گیا اور تصاویر لی گئیں، لیکن خوشی کے چند منٹ بعد پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔ ماں اور بچی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں جبکہ والد کے بارے میں تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا۔
حکام کے مطابق یہ عمارت سنہ 2012 میں تعمیر کی گئی تھی اور اس میں پچاس فلیٹ تھے، جن میں سے بارہ فلیٹ متاثرہ حصے میں شامل تھے۔ مقامی میونسپل کارپوریشن نے تصدیق کی کہ یہ تعمیر غیر قانونی تھی۔ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی شروع کی، لیکن تنگ جگہ ہونے کی وجہ سے بھاری مشینری بروقت نہیں پہنچ سکی اور ابتدائی مرحلہ ہاتھوں سے ملبہ ہٹا کر کیا گیا۔ اب تک 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ متعدد زخمی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
متعلقہ حکام نے بلڈر کو گرفتار کرلیا ہے اور آس پاس کی عمارتوں کو خالی کرا کے متاثرہ خاندانوں کو قریبی کمیونٹی ہال میں عارضی پناہ فراہم کی گئی ہے، جہاں کھانے پینے اور طبی سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں۔یہ واقعہ علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کے باعث پیش آنے والا دوسرا جان لیوا حادثہ ہے، اس سے محض دو ہفتے پہلے بھی ایک واقعے میں دو مزدورشیشے کا سلیب گرنے سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
Leave A Comment