نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) گجرات زون کے 6 اہلکاروں کو 3 برانچز کے لاکرز میں موجود کھاتہ داروں کے 9 کروڑ روپے مالیت کے سونے کے زیورات نقلی زیورات سے تبدیل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے اس اسکینڈل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف 3 مقدمات درج کر لیے ہیں، تاہم بینک ملازمین کا سہولت کار بتایا جانے والا سنار محسن تاحال مفرور ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں سروسز انڈسٹریز برانچ کے آپریشن منیجر ابو بکر زاہد اور کیشیئر شعیب شریف، منگووال برانچ کے سابق منیجر خالد محمود اور کیشیئر سعادت علی بھٹی، جبکہ ٹانڈا برانچ کے آپریشن منیجر محتشم عابد اور کیشیئر محمد علی شامل ہیں۔مقدمات کے مطابق ٹانڈا برانچ سے 5 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کا سونا، سروسز انڈسٹریز برانچ سے 2 کروڑ روپے مالیت کا سونا اور منگووال برانچ سے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا سونا نقلی زیورات سے بدل دیا گیا۔

 

Leave A Comment

Advertisement