سرکاری حج اسکیم کی بکنگ مکمل،پرائیویٹ سکیم چند روز میں شروع ہونے کا امکان
سرکاری حج اسکیم کی بکنگ مکمل ہو نے کے بعد اب پرائیویٹ اسکیم چند روز میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ وزارتِ مذہبی امور نے فیصلہ کیا ہے کہ کوائف اور ضروری دستاویزات مکمل کرنے والے پرائیویٹ آپریٹرز کو حج بکنگ کی جلد اجازت دی جائے گی۔ آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سروس پرووائیڈر ایگریمنٹ پر فوری دستخط کریں۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کا سرٹیفکیٹ بھی وزارت میں جمع کرانا ہوگا۔سعودی عرب کو بھیجے جانے والے فنڈز سے بھی وزارت کو آگاہ کرنا لازمی ہے۔ تمام شرائط پوری کرنے پر وزارت مذہبی امور آپریٹرز کو توثیقی خط جاری کرے گی اور اس فہرست کو ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا۔ توثیقی خط ملتے ہی آپریٹرز بکنگ شروع کر سکیں گے۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ تاخیر سے بچنے کے لیے کوائف جلد جمع کرائے جائیں۔
Leave A Comment