صرف 30 روپے کی خاطر پھل فروش کے تشدد سے زخمی دوسرا بھائی بھی دم توڑ گیا
صرف 30 روپے کی خاطر پھل فروش نے ایک ہی گھر کے دو چراغ گل کر دیے دوسرا بھائی آج دم توڑ گیا ایک ملزم گرفتار ہے۔ لاہور کے علاقہ تھانہ رائے ونڈ سٹی کے علاقے میں گزشتہ روز صرف 30 روپے کی خاطر پھل فروش نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر دو بھائیوں پر بہیمانہ تشدد کیا تھا۔جھگڑے میں دونوں بھائی شدید زخمی ہو گئے تھے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں کچھ دیر بعد 21 سالہ واجد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا جب کہ 17 سالہ راشد کو تشویشناک حالت میں اؔئی سی یو منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد آج زندگی کی قید سے آزاد ہو گیا۔پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ حملہ آور جب بھائیوں پر تشدد کر رہے تھے تو وہاں موجود ہجوم انہیں بچانے کی بجائے ویڈیو بناتا رہا، خون میں لت پت لڑکا اپنے بے ہوش بھائی کا سر گود میں لیے بیٹھا تھا، ایک ملزم نے آگے بڑھ کر زخمی بھائی کے سر پر زور سے بیٹ مارا تو وہ بھی بے ہوش ہو گیا۔
Leave A Comment