بھارت کی جانب سے سیلاب کی وارننگ، سیالکوٹ میں ممکنہ سیلابی صورتحال کا خدشہ
بھارت کی جانب سے الرٹ جاری ہونےکے بعد سیالکوٹ میں ممکنہ سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔سیکریٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب نے سیالکوٹ کا ہنگامی دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔سیکٹری ایمرجنسی سروسز کو ممکنہ سیلابی صورتحال اور تیاریوں کی رپورٹ پیش کی گئی، حکام نے بتایا کہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام سیکٹرز کو ایکٹو کردیا گیا ہے جب کہ 9 اہم مقامات پر 18 ریسکیو کشتیوں، 60 ریسکیورز اور 30 اسکاوٹس الرٹ ہیں۔فلڈ کنٹرول روم میں پانی کی صورتحال اور مرالہ بیراج کی رپورٹ دی گئی۔
سیکریٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب نے مرالہ بیراج پر پانی کے اخراج اور ریسکیو کی تیاریوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سیلاب میں عوام کو ہر طرح کا ریلیف فراہم کیا جائے، قریبی علاقوں کے لوگوں کو ہنگامی صورتحال سے بروقت آگاہ کیا جائے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں آنیوالا سیلابی ریلا گجرات اورسیالکوٹ کو متاثر کرسکتا ہے، دریائے چناب اورملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔بھارتی آبی جارحیت کے باعث بہاولنگر میں دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں ایک بار پھر بلند ہونا شروع ہوگئی جس کی وجہ سے سیکڑوں ایکڑ اراضی پر کاشت فصلیں دریا برد ہوگئی ہیں اور زمینی کٹاؤ کے ساتھ ساتھ آبادیوں میں بھی پانی داخل ہورہا ہے۔
Leave A Comment