آسٹریلوی بلے بازوں کے بعد بولرز بھی چھا گئے، جنوبی افریقا کو اپنی ون ڈے تاریخ میں سب سے بڑی شکست
تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کو 276 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی جبکہ 3 میچز کی سیریز 1-2 سے پروٹیز کے نام رہی۔آسٹریلوی شہر میکے میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 432 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا، جس کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔432 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور ایک کے بعد ایک وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ڈیوالڈ بریوس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 28 گیندوں پر پانچ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 49 رنز بنائے۔ٹونی ڈی زورزی 33، کپتان ٹمباباووما 19، کوربن بوش 17، رائن ریکلٹن 11، ویان ملڈر 5، ایڈن مارکرام اور کیشو مہاراج دو، دو جبکہ ٹرسٹان اسٹبز ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ سینوران متھوسامی 9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کا 432 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیکھ کر ہی پروٹیز کے ہاتھ پاؤں پھول گئے اور پوری ٹیم 24.5 اوورز میں 155 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح جنوبی افریقا کو اپنی ون ڈے تاریخ میں سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔آسٹریلیا کی جانب سے کوپر کونولی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور آسٹریلیا کی جانب سے ون ڈے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔
Leave A Comment