کراچی میں پھر تیز بارش جاری، اربن فلڈنگ کا خطرہ، مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 19 ہوگئی
کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ایک بار پھر تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے سبب اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ شہر میں بارش کے دوران مختلف حادثات اور واقعات میں اموات کی تعداد 19 ہوگئیں، مرنے والوں میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔کراچی کے مختلف علاقوں کورنگی، نوری آباد، گلشن حدید اور گلستان جوہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے جبکہ نارتھ کراچی، گودھرا اور انڈسٹریل ایریا میں ہلکی بوندا باندی جاری ہے۔ملیر، کھوکھراپار، رزاق آباد، شاہ لطیف ٹاؤن، بھینس کالونی، ایئرپورٹ روڈ، لانڈھی، گلشن اقبال، اسکیم33، ڈیفنس، پی ای سی ایچ ایس، شارع فیصل، کاٹھور، گڈاپ، سرجانی ٹاؤن اور نیوکراچی میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔اس کے علاوہ گرو مندر اور اطراف میں بھی بارش جاری ہے، ناگن چورنگی، بفرزون، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، سائٹ ایریا، منگھو پیر روڈ، میٹروول، گارڈن، پاک کالونی ٹاور، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر اور طارق روڈ میں بھی بارش جاری ہے۔
بارش کے باعث کٹی پہاڑی کے تودے سڑک پر گرگئے، جس کے باعث شہری جانی نقصان سے بال بال بچ گئے تاہم سڑک پر پہاڑی پتھر گرنے سے ٹریفک جام ہوگیا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر اطلاعات شرجیل میمن اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے الگ الگ بیانات میں آج عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ آج سندھ میں تعطیل اس لیے دی ہے تاکہ عوام گھروں میں رہیں مگر لوگ پھر بھی گھروں سے باہر نکل آئے۔
Leave A Comment