جونیئر ورلڈ کپ کیلئے بھی ہاکی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا عندیہ
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے ایشیا کپ کے بعد جونیئر ورلڈکپ کےلیےبھارت نہ جانےکا عندیہ دے دیا۔لاہورمیں میڈیا سےبات چیت میں انہوں نے واضح کیا کہ دونوں ملکوں کےدرمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے ایشیا کپ میں ٹیم کونہیں بھیجا۔ دسمبر میں بھارت میں ہی جونیئر ورلڈکپ ہورہاہے،اس میں بھی پاکستانی ٹیم کی شرکت مشکل ہے۔ایشیا کپ میں عدم شرکت سے ورلڈکپ کوالیفائرکا موقع کھونے کے سوال پر طارق بگٹی کا موقف تھا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کوتمام حالات کا علم ہےکہ پاکستان ٹیم کس وجہ سے ایشیا کپ کھیلنے نہیں گئی۔ اس لیے امید ہے کہ ایف آئی ایچ ہمیں ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے کوئی اور موقع دے گی۔انہوں نے کہا کہ پرو لیگ کے لیے موقع ملنا پاکستان ہاکی کے لیے اچھا شگون ہے۔ ہمیں اپنی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے غیرملکی گول کیپنگ کی ضرورت ہوگی، گول کیپنگ کےشعبے کو مضبوط بنانا بہت اہم ہے۔ اس کے بغیر گزارہ نہیں ہوگا۔ قومی ہاکی ٹیم کے لیے غیر ملکی گول کیپنگ کوچ رکھنا چاہتے ہیں اس معاملے پر بھی حکومت کا تعاون درکار ہے۔ غیرملکی کوچ بہت زیادہ معاوضہ مانگتےہیں،ہمارےپاس اتنے وسائل نہیں کہ فیڈریشن اپنے طورپر ان کو تنخواہ دےسکے۔ جب حکومت غیر ملکی کوچز کے لیے حامی بھرے گی تو پھر کسی سے بات کریں گے۔
پرولیگ کے لیے فنڈز دینے کے لیے وزیر اعظم ،آئی پی سی اور پی ایس بی کے شکر گزار ہیں۔ہمارا موقف ہے کہ پرو ہاکی لیگ کے فنڈز پاکستان اسپورٹس بورڈ کے پاس ہی رہیں اور وہ ہی تمام اخراجات کرے تاکہ اس معاملےمیں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔
Leave A Comment